سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں لڑکے کو تشدد کا نشانہ بنانے والے دو ملزمان گرفتار، اپر دیر پولیس

دیر بالا : سوشل میڈیا پر کم سن بچے پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد دیر بالا پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا، جبکہ واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔
دیر بالا پولیس کے مطابق ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ زاہد نواز مروت کی ہدایت پر ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ایس ڈی پی او سرکل واڑی فخر عالم خان کی نگرانی میں ایس ایچ او تھانہ واڑی جوہر علی نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان سعید ولد سرور خان اور یاسین ولد اورنگزیب ساکنان واڑی کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاعات میں سامنے آیا ہے کہ واٹس ایپ پر پیغام بھیجنے کے معاملے پر ملزمان نے دیگر افراد کے ہمراہ عبید نامی کم سن بچے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مزید تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ دیگر مبینہ طور پر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے بھی کارروائی جاری ہے۔ ڈی پی او دیر بالا اسلم نواز کے مطابق بچوں پر تشدد کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔


