پولیس جوانوں کی حفاظت اولین ترجیح، بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، آر پی او ملاکنڈ زاہد نواز مروت

سوات: ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ریجن زاہد نواز مروت نے ہدایت کی ہے کہ پولیس جوانوں کی حفاظت، چیک پوسٹوں کے سیکیورٹی انتظامات اور تمام چوکیوں پر سو فیصد نفری کی حاضری یقینی بنائی جائے، جبکہ دورانِ ڈیوٹی بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا استعمال لازمی قرار دیا ہے۔

اس سلسلے میں ریجنل پولیس آفس سیدو شریف سوات میں آر پی او زاہد نواز مروت کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں ملاکنڈ ڈویژن کی تمام پولیس چوکیوں اور چیک پوسٹوں کے انچارجز نے شرکت کی۔

اجلاس میں پولیس فورس کی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ آر پی او نے ہدایت کی کہ پولیس اہلکار دورانِ ڈیوٹی ہمہ وقت چوکس رہیں، سرکاری اسلحے کی صفائی اور دیکھ بھال یقینی بنائیں اور اپنی حفاظت کے لیے بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ کا لازمی استعمال کریں۔

انہوں نے چیک پوسٹوں کے سیکیورٹی حصار کو مزید مضبوط بنانے، وائرلیس نظام فعال رکھنے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے فرسٹ ایڈ کٹس کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔

آر پی او ملاکنڈ نے واضح کیا کہ تمام پولیس چوکیوں اور چیک پوسٹوں پر نفری کی سو فیصد حاضری لازمی ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

اجلاس کے دوران چوکی انچارجز کے مسائل بھی سنے گئے اور اسلحہ، آلات سمیت ضروری وسائل کی کمی دور کرنے کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کی یقین دہانی کرائی گئی۔ انہوں نے پولیس افسران اور جوانوں پر زور دیا کہ وہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ شہریوں سے خوش اخلاقی اور پیشہ ورانہ رویے کا مظاہرہ کریں۔

Show More
Back to top button