سوات: مون سون کے دوران 100 سے زائد سیاح دریائے سوات کے کنارے سے محفوظ مقامات پر منتقل

سوات: مون سون سیزن کے دوران سیاحوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے حفاظتی آگاہی مہم جاری ہے۔
ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے عوامی ایجنڈا اور گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت معاونِ خصوصی برائے سیاحت و ثقافت ملک عدیل اقبال، سیکرٹری سیاحت خیبرپختونخوا سعادت حسن کی ہدایات اور ڈائریکٹر جنرل اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی شوذب عباس کے احکامات کی روشنی میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اپر سوات ڈویلپمنٹ اتھارٹی سعید الرحمان نے ٹورازم پولیس کے ہمراہ فیضاگٹ پوائنٹ اور مینگورہ بائی پاس کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران دریائے سوات کے کنارے موجود 100 سے زائد مقامی اور غیر مقامی سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، جبکہ انہیں مون سون کے دوران دریائے سوات، ندی نالوں اور دیگر خطرناک مقامات سے دور رہنے اور غیر ضروری خطرات مول نہ لینے کی ہدایت کی گئی۔
سیاحوں سے یہ بھی اپیل کی گئی کہ وہ ضلعی انتظامیہ، ٹورازم پولیس، محکمہ سیاحت و ثقافت، ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے جاری حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔



