سیدو شریف: طالب علم کی قابلِ اعتراض ویڈیو وائرل کرنے کا معاملہ، 3 ملزمان گرفتار

سوات: سوشل میڈیا پر سکول کے طالب علم کی قابلِ اعتراض ویڈیو وائرل ہونے کے معاملے پر تھانہ سیدو شریف پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق سوشل میڈیا پر سکول طلباء کی جانب سے اپنے ہی سکول فیلو کی برہنہ ویڈیو بنانے سے متعلق ویڈیو زیرِ گردش تھی، جس کا ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تھانہ سیدو شریف ضیاء الرحمن کو کارروائی کی ہدایت کی۔
پولیس کے مطابق ایس ایچ او سیدو شریف نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے واقعے میں ملوث تین ملزمان عبداللہ ولد یعقوب، صابر ولد اقبال حسین اور محمد بلاول ولد فرمان، ساکنان آخون بابا، کو گرفتار کرلیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے اپنے ہی سکول کے جماعت نہم کے طالب علم کو پارٹی کے بہانے حجرے میں لے جا کر مبینہ طور پر بدفعلی کی، ویڈیو ریکارڈ کی اور کسی کو بتانے کی صورت میں جان سے مارنے اور ویڈیو وائرل کرنے کی دھمکیاں دیں۔



