مینگورہ : راجہ آباد اور زمرد کان محلہ میں غیر قانونی کان کنی کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ، ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت

سوات (عارف احمد): تحصیل بابوزئی کے علاقوں راجہ آباد، زمرد کان محلہ اور ملحقہ علاقوں میں مبینہ غیر قانونی کان کنی کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) سوات محب اللہ خان یوسفزئی کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں غیر قانونی کان کنی کی روک تھام اور حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و ہیومن رائٹس) نعمت اللہ، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی سید ارحم مختار، سپرنٹنڈنٹ سوات پولیس غلام صادق، مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ سوشل میڈیا پر زمرد کانوں میں غیر قانونی کان کنی اور غیر محفوظ طریقہ کار سے متعلق مختلف رپورٹس سامنے آئی ہیں، جن میں انسانی جانوں کو لاحق خطرات کی نشاندہی کی گئی ہے۔ مزید بتایا گیا کہ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے معاملے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو فوری اور مؤثر کارروائی کی ہدایت کی ہے تاکہ کان کنی سے متعلق قوانین اور حفاظتی ضوابط پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی کی نگرانی میں مذکورہ علاقوں کا تفصیلی معائنہ کرے گا، جبکہ غیر قانونی کان کنی میں ملوث افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرکے قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس کے علاوہ قانونی کانوں کا بھی معائنہ کیا جائے گا تاکہ حفاظتی ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ پولیس اور مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ مشترکہ طور پر مشتبہ مقامات اور گھروں کی تلاشی لیں گے تاکہ غیر قانونی کان کنی یا معدنیات کے غیر قانونی ذخائر کی نشاندہی کرکے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکے۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور کان کنی سے متعلق قوانین پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی گئی کہ وہ ضلعی انتظامیہ کو کارروائیوں اور معائنوں سے متعلق باقاعدہ رپورٹ بھی پیش کرے۔



