بونیر: طوطالئی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ، سی ٹی ڈی کے سب انسپکٹر مسکین زادہ خان شہید، سرچ آپریشن شروع

بونیر: ضلع بونیر کے علاقے طوطالئی کے مداخیل میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کے سب انسپکٹر (ایس آئی) مسکین زادہ خان شہید ہوگئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق ایس آئی مسکین زادہ خان سادہ لباس میں ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ اس دوران نامعلوم حملہ آوروں نے ان پر اچانک فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
واقعے کے بعد طوطالئی پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔



