سوات میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پہلا ہیومینیٹیرین کوآرڈینیشن اجلاس، ضلعی سطح پر فورم قائم کرنے کا فیصلہ

سوات: ضلع سوات میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے ضلعی سطح کا پہلا ہیومینیٹیرین کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا، جس میں ہنگامی صورتحال کے دوران امدادی سرگرمیوں کو منظم اور مؤثر بنانے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان رابطہ کاری کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی خصوصی ہدایات پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس) نعمت اللہ کی زیر صدارت منعقد ہوا، جس کا اہتمام لاسونا ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے ضلعی ہیومینیٹیرین کوآرڈینیشن فوکل پرسن کی حیثیت سے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی ہدایات اور قومی ہیومینیٹیرین کانفرنس کے فیصلوں کی روشنی میں کیا۔
اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنرز بابوزئی، کبل، بریکوٹ اور چارباغ، ٹی ایم اوز، متعلقہ سرکاری افسران، قومی و بین الاقوامی فلاحی اداروں، این جی اوز اور دیگر شراکت دار تنظیموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔
اجلاس میں قدرتی آفات سے قبل، دورانِ آفت اور بعد از آفت امدادی سرگرمیوں کو مربوط بنانے، بروقت معلومات کے تبادلے، وسائل کے مؤثر استعمال اور اداروں کے درمیان تعاون بڑھانے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شرکاء نے متفقہ طور پر ڈسٹرکٹ لیول ہیومینیٹیرین کوآرڈینیشن فورم کے قیام کی منظوری دی، جو ضلعی انتظامیہ، سرکاری اداروں، اقوام متحدہ کے اداروں، این جی اوز اور دیگر امدادی تنظیموں کے درمیان رابطہ کاری کے لیے پلیٹ فارم کے طور پر کام کرے گا۔
اجلاس میں ضلع سوات کی ہنگامی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ضلعی کنٹیجنسی پلان مکمل کر لیا گیا ہے، سیلاب اور دیگر ہنگامی حالات کی نگرانی کے لیے نظام فعال ہے جبکہ ریسکیو 1122 کے ایمرجنسی رسپانس پوائنٹس تحصیل سطح پر موجود ہیں۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف اینڈ ہیومن رائٹس) نعمت اللہ نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مضبوط رابطہ، مشترکہ حکمت عملی اور بروقت اقدامات ضروری ہیں۔ انہوں نے فلاحی اداروں اور امدادی تنظیموں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کو بروقت ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام اداروں کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی۔



