عزیز اللہ گران کی جانب سے دائر ڈاکٹر امجد علی کی نااہلی درخواست الیکشن کمیشن نے خارج کر دی

سوات: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی وزیر ڈاکٹر امجد علی کے خلاف عزیز اللہ گران کی جانب سے دائر کردہ نااہلی کی درخواست خارج کر دی۔
عزیز اللہ گران نے ڈاکٹر امجد علی کے خلاف اثاثہ جات کے گوشواروں میں مبینہ غلط بیانی، اثاثے چھپانے اور دیگر بے ضابطگیوں کے الزامات عائد کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے کارروائی کی درخواست کی تھی۔
ذرائع کے مطابق معاملہ الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہونے کے بعد متعلقہ ریکارڈ، رپورٹس اور دونوں فریقین کے مؤقف کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں کیس کی سماعت کے لیے الیکشن کمیشن نے لارجر بینچ بھی تشکیل دیا تھا۔
لارجر بینچ نے دستیاب ریکارڈ اور شواہد کا جائزہ لینے کے بعد درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے عزیز اللہ گران کی جانب سے دائر نااہلی کی درخواست خارج کر دی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار نے اسی نوعیت کے الزامات کے حوالے سے سیشن جج کی عدالت سے بھی رجوع کیا تھا، تاہم وہاں بھی وہ اپنے مؤقف کے حق میں مؤثر ثبوت پیش نہ کر سکے، جس کے بعد مذکورہ درخواست خارج کر دی گئی تھی۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد ڈاکٹر امجد علی کے خلاف نااہلی کی درخواست قانونی فورم پر مسترد ہو گئی ہے۔
اس موقع پر ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ یہ حق اور سچ کی فتح ہے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ حق اور سچ کے لیے آواز بلند کرتے رہے ہیں اور آئندہ بھی اسی راستے پر قائم رہیں گے۔



