سوات : باراتی قافلے میں شامل ایک شخص کی جانب سے دریا کی طرف ہوائی فائرنگ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والے ایک پولیس اہلکار کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق باراتی قافلہ ایک مقام پر رکا ہوا تھا جہاں ایک شخص نے دریا کی جانب ہوائی فائرنگ کی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات شروع کیں۔
اشتہار
کارروائی کے دوران فرمان ولد شیر زمین، ساکن سواڑئی بونیر، کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ اس کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والی رائفل بھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس کے مطابق ویڈیو میں نظر آنے والے ایک اہلکار کو بھی معطل کر دیا گیا ہے اور اس کے خلاف محکمانہ انکوائری شروع کر دی گئی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ، اسلحہ کی نمائش اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور قانون شکنی میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
اشتہار
اشتہار