کالام اور اتروڑ کے باسیوں کے درمیان اراضی تنازعہ،گرینڈ جرگہ میں فریقین روڈ امدورفت اور پانی سپلائی بحال کرنے پر متفق

کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی ہدایت پر خصوصی طور پر شرکت کی اور کالام اور اتروڑ کے باسیوں کے درمیان اراضی کی ملکیت کے دعوے اور اس تناظر میں ایک سال سے جاری چپقلش کو ختم کرنے میں مصالحت کا کردار ادا کیا

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) ضلع سوات میں کالام اور اتروڑ کے باسیوں کے درمیان اراضی کے تنازع کے نتیجے میں پیدا ہونی والی پیچیدہ صورتحال پر گرینڈ مصالحتی جرگہ کمشنر آفس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ جرگہ کی صدارت کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی نے کی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ملاکنڈ ڈویژن ذیشان اصغر، ڈپٹی کمشنر سوات جنید خان، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات زاہد نواز مروت، اسسٹنٹ کمشنر بحرین اسحاق احمد، اسسٹنٹ کمشنر شرینگل محمد یار اور دیگر حکام موجود تھے۔گرینڈ مصالحتی جرگہ میں دیر کوہستان سے عمائدین نے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کی ہدایت پر خصوصی طور پر شرکت کی اور کالام اور اتروڑ کے باسیوں کے درمیان اراضی کی ملکیت کے دعوے اور اس تناظر میں ایک سال سے جاری چپقلش کو ختم کرنے میں مصالحت کا کردار ادا کیا۔ گرینڈ جرگہ کے نتیجے میں فریقین ایک دوسرے کے لئے روزمرہ امدورفت کے لئے سڑکیں کھلی رکھنے اور پانی کی سپلائی بحال کرنے پر رضامند ہوگئے۔ جرگہ میں کئے گئے روڈ امدورفت سے متعلق فیصلہ کا اطلاق ان افراد پر نہیں ہوگا جن پر ایف ائی ار درج کی گئی ہے اور ایسے افراد بدستور کالام اتروڑ میں امدورفت نہیں کرسکیں گے۔ گرینڈ جرگہ نے فریقین کو اس بات پر بھی متفق کیا کہ فریقین اراضی سے متعلق دعویٰ داری کے حتمی فیصلہ تک ایک دوسرے کے معاملات میں بیجا مداخلت نہیں کریں گے اور ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔ جرگہ عمائدین سے خطاب میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ فریقین کے درمیان چپقلش کی وجہ سے مسلہ نے ایک سال سے گھمبیر صورتحال اختیار کیا ہوا تھا جس کے حل کے لئے فریقین کو جرگہ میں موقف بیان کرنے کا موقع دیا گیا تاکہ افہام و تفہیم سے مسلہ کے مستقل حل کی جانب راہ ہموار کیا جاسکے۔ کمشنر ملاکنڈ ڈویژن شوکت علی یوسفزئی کا کہنا تھا کہ کالام اور اتروڑ سیاحت کے لئے نہایت اہمیت رکھتے ہیں اور ایسے پیچیدہ مقامی مسائل علاقے میں سیاحتی سرگرمیوں کو متاثر کرسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قومیتیں اگر افہام و تفہیم کا مظاہرہ کریں تو پیچیدہ سے پیچیدہ مسائل کا حل ممکن ہے۔ یاد رہے کہ ضلع سوات میں کالام اور اتروڑ کے باسیوں کے درمیان عرصہ دراز سے جاری آراضی سے متعلق مسئلہ پیچیدہ صورتحال اختیار کرنے پر اعلیٰ سطح کا نوٹس لیا گیا تھا اور عمائدین کو کمشنر آفس سیدو شریف بلایا گیا تھا۔ اس سلسلے میں پہلا جرگہ پچھلے ہفتے منعقد کیا گیا تھا جس میں فریقین کے ساتھ الگ الگ نشستیں منعقد کی گئی تھی۔

( خبر جاری ہے )

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More