آئی جی پولیس خیبر پختونخواہ معظم جاہ انصاری کا دورہ سوات

مالاکنڈ ریجن کی پولیس نے انتہائی کٹھن اور نامساعد حالات میں اپنی قیمتی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دئے

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوامعظم جاہ انصاری نے فورس کے جوانوں پر زور دیا ہے کہ وہ عوام کے نبض پر ہاتھ رکھ کر اپنے مقدس فرائض سرانجام دیں اوران کے ساتھ ملکر امن کے قیام کے لیے اقدامات اُٹھائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج سوات پولیس لائن میں مالاکنڈ ریجن کے افسروں و جوانوں کے ایک دربار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ دربار میں فورس کے مختلف یونٹوں اور شعبوں کے ہر رینک کے افسروں و جوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈی آئی جی مالاکنڈ، کمشنر مالاکنڈ، ڈی پی اوز سوات، بونیر، لوئر دیر، آپردیر، لوئر چترال اور آپر چترال بھی اس موقع پر موجود تھے۔ آئی جی پی معظم جاہ انصاری نے کہا کہ مالاکنڈ ریجن کی پولیس نے انتہائی کٹھن اور نامساعد حالات میں اپنی قیمتی جانیں ہتھیلی پر رکھ کر فرائض سرانجام دیئے اس دوران بیش بہا قربانیاں دیں، اپنے ساتھیوں کی لاشیں اپنے ہاتھوں سے اُٹھائیں اور سب سے بڑھ کر پانچ منٹ کے اندر اندر وردی پہن کر مالاکنڈ اور مادر وطن کی حفاظت کے لیے اسی پوائنٹ پر دوبارہ ڈیوٹی انجام دیتے ہوئے کھڑے نظر آئے اور کہا کہ آپ لوگوں کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوا۔ آئی جی پی نے دربار کے شرکائسے کہا کہ سب پولیس فورس صوبے کے لیے قابلِ فخر ہیں اور پولیس کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی۔ اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک و قوم اور صوبے کے عوام کی حفاظت کے لیے پولیس کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس ایک مقدس پیشہ ہے اور یونیفارم پہننے سے جوانوں کے کندھوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ان پر زور دیا کہ وہ پورے ملک بالخصوص صوبے کے چپے چپے میں امن کے قیام کے لیے ایک ٹیم بن کر آگے بڑھیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ پورے مالاکنڈ ڈویژن میں عوام کا رش بالخصوص عید الفطر کے موقع پر ریکارڈ نمبر پر سیاحوں کی آمد یہاں پرُامن ماحول کی عکاس ہے اور دربار کے شرکائپر زور دیا کہ وہ سیاحوں کے اپنی جان و مال، عزت و آبرو کے تحفظ سے پولیس سے وابستہ توقعات پر ہر قیمت پر پورا اتریں اور اپنے اچھے رویوں اور اخلاق سے ان کے دل جیت کر بہترین عوامی پولیسنگ کا عملی مظاہرہ کریں۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس اپنی دلیری، جرات، بہادری اور عوام کی بہترین خدمات کے لیے کوئی ثانی نہیں رکھتی اور ان کے کردار میں پختون کلچر کی جھلک نظر اتی ہے اور یہی خوبی ان کو دنیا کے تمام فورسز سے ممتاز بنادیتی ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ موجودہ حکومت پولیس فورس کو درپیش مسائل و مشکلات حل کرنے میں گہری ولچسپی لے رہی ہے اور اس مقصد کے لیے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اُٹھا رہی ہیں۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ پولیس شہدائکے خاندانوں کی ویلفیئر کو وہ اپنی اولین ذمہ داری سمجھتے ہیں۔ امسال بجٹ میں پولیس شہدا پیکج میں مزید مراعات شامل کئے گئے ہیں۔ آئی جی پی نے کہا کہ شہید کا مرتبہ اور مقام بہت بلند ہے اور اسکا آجر صرف اللہ تعالیٰ ہی دیتا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ پولیس عمارتوں کی تعمیر کا بنیادی مقصد غریب اور مصیبت میں مبتلاعوام کو بروقت انصاف کی فراہمی اور خدمت کی فراہمی کو یقینی بنانا ہے۔ آئی جی پی نے دربار میں شریک تمام اہلکااروں سے پولیس کا بہتر امیج برقرار رکھنے کے ساتھ ساتھ اسے مزید بہتر بنانے اور مالاکنڈ ڈویژن کی پولیس فورس کو پورے پاکستان کی بہترین فورس بنانے کا وعدہ بھی لیا۔ آئی جی پی نے امن کے قیام کے لیے مالاکنڈ ریجن کے پولیس آفسروں اور جوانوں کی کوششوں اور قربانیوں کی تعریف کی اور اسے پوری پولیس فورس کے لیے مشعل راہ قرار دیا۔ قبل ازیں ریجنل پولیس آفیسر مالاکنڈ ذیشان اصغر نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے حالیہ بلدیاتی انتخابات کے پُر امن انعقاد، پولیس کے بیشتر تھانوں کی کاروائیاں آٹومیشن کرنے، 68 تھانوں میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرانے، تفتیش کی بہتری کے لیے آٹومیشن آف پولیس ریکارڈ شروع کرنے پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ مالاکنڈ میں آئی جی پی کے ویژن کے مطابق پولیس اقدامات کو مزید آگے بڑھایا جائیگا۔پولیس دربار میں افسروں و جوانوں نے اپنے انفرادی اور اجتماعی مسائل پیش کئے۔ آئی جی پی نے ان کی تمام معروضات توجہ سے سننے کے بعد ان کے مسائل کے حل کے لیے موقع پر احکامات جاری کئے۔

آئی جی پی نے پولیس شہدائکی یادگار پر پھول چڑھائے۔ شہدائکے درجات بلندی کے لیے دعا کی اور مالاکنڈ ریجن میں نئے تعمیر شدہ کئی ایک پولیس عمارتوں کا افتتاح بھی کیا

( خبر جاری ہے )

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More