وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس، ذخیرہ اندوزی کیخلاف اقدامات کو تیز کرنے کا فیصلہ
وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا
اجلاس میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام اور ممکنہ حد تک کمی لانے سے متعلق مختلف تجاویز زیر غور آئیں اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب اور خیرپختونخوا کی صوبائی حکومتیں گندم کی قیمتوں میں کمی سے متعلق تجاویز کا جائزہ لیں۔ فیصلہ کیا گیا کہ گندم کی طلب و رسد پورا کرنے اور قیمتوں میں استحکام کے لیے سرکاری طور پرگندم خرید کر اہداف کو دگنا کیا جائے گا۔ چینی کے حوالے سے فیصلہ کیا کہ شوگر ایڈوائزری بورڈ تھرڈ پارٹی ایویلیو ایشن کے ذریعے چینی کی قیمت کا تعین کرے گا جبکہ گھی کی عالمی منڈی میں قیمتوں میں کمی کا فائدہ عوام کو پہنچانے کے لیے طریقہ کار طے کیا جائے گا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ گندم، پیاز، ٹماٹر اور دیگر اشیاء کی اسمگلنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا جائے گا جبکہ بنیادی اشیائے ضروریہ پر عائد ٹیکس میں کمی لانے کا معاملہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے سامنے پیش کیا جائے گا