‘ کالام بڑی مشکل سے پہنچے تا ہم یہاں آکر سکون نصیب ہوا ‘

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ پانچ دنوں کے دوران آٹھ لاکھ سے زائد سیاحوں نے وادی کا رخ کیا جن میں زیادہ سیاح وادی کالام کی سیر کو گئے

سوات(زما سوات ڈاٹ کام) سوات میں سیاحوں کی کثیر تعداد میں آمد کی وجہ سے ٹریفک کا نظام متاثر ہوگیا، سیاحتی مقامات کی طرف جانے والی شاہراہوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔

سوات میں عید کے پانچویں روز بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا اور سیاحتی مقامات کی طرف جانے والی شاہراہوں پر رش کی وجہ سے ٹریفک جام رہی جس کے باعث منٹوں کا راستہ گھنٹوں میں طے ہونے لگا۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ پانچ دنوں کے دوران آٹھ لاکھ سے زائد سیاحوں نے وادی کا رخ کیا جن میں زیادہ سیاح وادی کالام کی سیر کو گئے،مالم جبہ، بحرین،مدین،گبین جبہ،مرغزار ،مہوڈنڈ اور دیگر سیاحتی مقامات میں سیاحوں کی بھیڑ لگی رہی جہاں پر تمام ہوٹل ہاوس فل رہے اور ہوٹلوں میں کمرے ملنا مشکل ہوگیا۔

کالام تک آٹھ گھنٹے سفر کرنے والے کراچی سے آئے ہوئے سیاح مکرم خان نے بتایا کہ وہ مدین سے کالام آٹھ گھنٹوں میں پہنچے جگہ جگہ پر ٹریفک جام رہی اور گاڑیوں کی لمبی قطاروں کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، انہوں نے مزید کہا کہ ” کالام بڑی مشکل سے پہنچے تا ہم یہاں آکر سکون نصیب ہوا،یہاں کے حسین نظاروں سے خوب لطف اندوز ہوئے”

گبین جبہ میں سیر کے لئے گئے تیمور حبیب نے بتایا کہ گبین جبہ واقعی میں ایک حسین وادی اور زمین پر جنت کا ٹکرا ہے یہاں آکر خوشی محسوس ہوئی تاہم ٹریفک جام کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کالام کے علاقے مہوڈند جھیل میں گزشتہ روز پشاور کے رہائشی کے ڈوبنے کے بعد وہاں پر دفعہ144 نافذ کردیا گیا ہے تاہم سیاحوں کی کثیر تعداد اب بھی وہاں کا رخ کر رہی ہے۔

سوات پولیس کے مطابق سیاحوں کی سہولت کے لئے جگہ جگہ پولیس اہلکار تعینات کردئے گئے ہیں جو ٹریفک کے نظام کو رواں رکھنے کے لئے سر توڑ کوششیں کر رہے ہیں جبکہ اس کے ساتھ ساتھ ٹورسٹ پولیس کے دستے بھی سیاحوں کی مدد کر رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق سوات میں عید کے پانچویں روز بھی سیاحوں کی آمد کا سلسلہ جاری رہا، سوات کے داخلی راستوں لنڈاکے، شموزئی اور چکدرہ کے مقام پر گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں اب بھی لگی ہوئی ہیں جبکہ یہ سلسلہ کالام ،مالم جبہ اور گبین جبہ تک جاری ہے۔

( خبر جاری ہے )

Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More