تحصیل مٹہ کے پہاڑی علاقہ میں نئے تعمیر شدہ بالاسور چوکی کا افتتاح

نئی  چوکی  کے اضافہ سےتھانہ پر بوجھ کم ہونے کے ساتھ ساتھ پولیس کی کار کردگی مزید بہتر ہوگی

سوات(زما سوات ڈاٹ کام )ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی نے سوات تحصیل مٹہ کے بالائی اور پہاڑی علاقہ میں نئ تعمیر شدہ بالاسور چوکی کا افتتاح کیا، اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ خان گنڈاپور ، ایس پی اپر سوات خان خیل خان سمیت دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔  افتتاحی تقریب سے  خطاب کرتے ہوئےمہمان خصوصی آر پی ملاکنڈ  ناصر محمود ستی  کا کہنا تھا کہ  نئی  چوکی  کے اضافہ سےتھانہ پر بوجھ کم ہونے کے ساتھ ساتھ پولیس کی کار کردگی مزید بہتر ہوگی ،نئی پولیس پوسٹ علاقے میں امن و امان کے قیام اور مقامی لوگوں کو سہولت پہنچانے میں سنگ میل ثابت ہونگے، انہوں نے دہشت گردی کے خاتمے کے خلاف سوات پولیس کے قربانیوں کی تعریف کی اور اُمید ظاہر کی کہ وہ ملک و قوم کے دفاع کے لئے اپنے خون کے آخری قطرے تک لڑیں گے،انہوں نے کہا کہ عوام جرائم کی نشاندہی میں پولیس سے تعاون کرکے جرائم کے خاتمے میں مدد کریں، سوات پولیس سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے نئی چوکی کو عوام کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف پولیس کو علاقہ کور کرنے میں مدد ملے گی بلکہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ جرائم کی موثر روک تھام ہوسکے گی۔آر پی او ملاکنڈ ناصر محمود ستی  نے مزید کہا ہے کہ درپیش چیلنجز کا مردانہ وار مقابلہ کرنے والے پولیس جوانوں کی کارکردگی سے پوری فورس کا وقار بلند ہوتا ہے۔ پیشہ وارانہ فرائض میں رول ماڈل کا کردار ادا کرنے والے پولیس افسران اور جوانان کی حوصلہ افزائی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔انہوں  نے پولیس افسران پر یہ بات بھی واضح کر دی کہ قانون و انصاف اور میرٹ کی بالا دستی سے قطع نظر کوئی بھی عمل قابل قبول نہیں, لہٰذا پولیس افسران خوف خدا کو دل میں رکھتے ہوئے اپنے تمام تر توانائیوں کو برو ئے کار لاکر اپنے پیشہ وارانہ فرائض عین عوامی تعلقات کے مطابق ادا کریں, ہرایک پولیس آفیسر صرف اور صرف انسداد جرائم، امن و امان کے قیام اور عوام کو بلا امتیاز انصاف کی فراہمی کے لئے ہمہ وقت کوشاں رہے۔ اس موقع پر ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی نے نئے تعمیر شدہ چوکی بالاسور کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور نے آر پی او ملاکنڈ کو چوکی کے تعمیر کی حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، بعد ازیں آر پی او ملاکنڈ اور ڈی پی او سوات نے چوکی بالاسور میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا آغاز بھی کیا۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More