ملک میں آج کورونا سے 8 اموات، ہلاکتیں 335 اور مجموعی کیسز 15289 ہوگئے

اسلام آباد(ویب ڈیسک)ملک میں کورونا وائرس سے آج اب تک مزید 8 اموات ہوئی ہیں جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 335 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 15289 تک جا پہنچی ہے۔ اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 114 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ اور پنجاب میں 100،100 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔ 28 اپریل کو پاکستان میں کورونا وائرس سے 28 ہلاکتیں ہوئیں جو ملک میں 26 فروری کو پہلا کیس رپورٹ ہونے کے بعد سے اب تک ایک روز میں ہونے والی سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔ آج بروز بدھ ملک بھر سے کورونا کے مزید 502 کیسز سامنے آئے ہیں اور 8 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 404 کیسز 8 ہلاکتیں، اسلام آباد 36 اور بلوچستان سے اب تک 62 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔

سندھ
صوبے میں آج کورونا کے مزید 404 کیسز رپورٹ ہوئے اور 8 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ صوبائی حکومت کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے نئے کیسز کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 5695 ہوگئی ہے جب کہ اب تک کل 100 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 208 افراد کورونا سے صحت یاب ہوئے ہیں جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1169 ہوگئی ہے۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 36 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 297 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

بلوچستان
بلوچستان میں آج کورونا کے مزید 62 کیسز سامنے آئے ہیں جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 915 ہوگئی ہے جب کہ وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 14 ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ بلوچستان میں سب سےزیادہ 646کیسز کوئٹہ سے رپورٹ ہوچکے ہیں۔ محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک کورونا کے 177 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔
پنجاب
پنجاب میں منگل کو کورونا وائرس کے مزید 187 کیسز سامنے آئے ہیں اور 9 افراد کورونا سے انتقال کرگئے۔ صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبے میں کورونا کے مریضوں کی کل تعداد 5827 اور ہلاکتیں 100 ہوگئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق 768 زائرین، 1925 رائے ونڈ سے منسلک تبلیغی ارکان، 86 قیدی اور 2951 عام شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہیں۔ صوبے میں اب تک کورونا سے 1510 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا میں منگل کو کورونا وائرس کے 176 نئے کیسز اور 6 اموات بھی سامنے آئیں جس کے بعد صوبے میں کورونا مریضوں میں مجوعی تعداد 2160 اور ہلاکتیں 114 ہوگئیں۔ صوبائی وزارت صحت کے مطابق پشاور میں 7، مردان میں دو اور ایبٹ آباد میں ایک شخص کورونا سے جاں بحق ہوا۔ خیبرپختونخوا میں اب تک 562 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب ہوچکے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں منگل کو مزید 10 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی جس کے بعد متاثرہ افراد کی تعداد 330 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق مزید 2 افراد کے صحت یاب ہونے کے بعد اب تک 224 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔ گلگت بلتستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد کا انتقال ہوا ہے۔
آزاد کشمیر
آزاد کشمیر سے منگل کو کورونا کے مزید 6 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا کے کل مریضوں کی تعداد 65 ہوگئی ہے۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More