انیس سالہ زین اپنے 22 لاکھ روپے واپس مانگ رہا تھا اسی لئے قتل کیا، ملزم عصمت علی کا اعتراف

ڈی پی او سوات شفیع اللہ گنڈاپور کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے

سوات(زما سوات ڈاٹ کام ) سوات پولیس نے انیس سالہ زین کے قتل کا سراغ لگا لیا، ملزم کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آلہ قتل پستول اور تیرہ لاکھ روپے بر آمد کر لئے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کرلیا ہے ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور نے مینگورہ پولیس اسٹیشن میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 دسمبر کو علاقہ منگلور میں انیس سالہ زین الرحمن ولد نور الرحمن سکنہ عزیز آباد مینگورہ کی لاش برآمد ہوئی تھی ۔ انیس سالہ نوجوان کی لاش برآمدگی کے بعد پولیس نے جدید سائنسی خطوط پر کارروائی کا آغاز کیا۔ اس دوران متعدد افراد کو شامل تفتیش بھی کیا گیا لیکن سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے بالآخر ملزم عصمت علی ولد اختر علی سکنہ اسحاق محلہ مینگورہ تک رسائی حاصل کی گئی ۔

ڈی پی او سوات کے مطابق سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے مقتول زین کو ٹریس کیا گیا جب وہ مینگورہ میں بینک سے نکلا اور اس کے بعد مینگورہ کے مختلف شاہراہوں سے ہوتے ہوئے علاقہ منگلور پہنچا، سی سی ٹی فوٹیج میں ملزم کو اس کے ساتھ دیکھا گیا تھا جب دونوں رکشے میں چڑھ رہے تھے ۔

ڈی پی او سوات کے مطابق ملزم کو حراست میں لیا گیا اور تفتیش کے دوران ملزم نے اعتراف جرم کر لیا۔ ملزم نے پولیس کو بتایا کہ زین باہر ملک تعلیم کے لئے جا رہا تھا اور اُس نے اپنے بائیس لاکھ روپے میرے ساتھ امانت کے طور پر رکھے تھے ، جب زین نے اپنی رقم واپس مانگی تو میں نے اسے منگلور لے جاکر وہاں پر قتل کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے زین کو ایک گولی ماری تھی جس کے باعث اس کی موت واقع ہوئی، واردات میں استعمال ہونے والی تیس بور پستول برآمد کی گئی ہیں جبکہ ملزم کے قبضے سے تیرہ لاکھ روپے بھی برآمد کئے جا چکے ہیں۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر شفیع اللہ گنڈا پور نے مزید بتایا کہ ملزم کو عدالت میں بھی پیش کیا جا چکا ہے جہاں پر اُس نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا ہے ۔ اس موقع پر ڈی پی او سوات نے عوام سے اپیل کی کہ گھروں اور دکانوں کے باہر سی سی ٹی وی کیمرے ضرور لگائیں کیونکہ ان کیمروں سے پولیس انویسٹی گیشن میں بہت مدد ملتی ہے اور جب جگہ جگہ کیمرے نصب کئے جائیں گے تو کرائم کی شرح بھی کم ہو جائے گی ۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر نے یقین دلایا کہ سوات میں کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، پولیس ہر وقت عوام کے تحفظ کے لئے الرٹ ہیں۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More