خیبرپختونخوا: کورونا وائرس کے 2 مشتبہ کیسز کلیئر قرار

مشتبہ کورونا وائرس کے کیسز ضلع صوابی اور سوات میں سامنے آئے تھے

پشاور(ویب ڈیسک) خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس کے دو مشتبہ کیسز کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔ صوبائی محکمہ صحت کے مطابق مشتبہ کورونا وائرس کے کیسز ضلع صوابی اور سوات میں سامنے آئے تھے جس کے بعد مشتبہ مریضوں کے نمونے تجزیے کے لیے قومی ادارہ صحت اسلام آباد بھیجے گئے تھے۔ قومی ادارہ صحت نے نمونوں کا تجزیہ کرنے بعد دونوں مشتبہ مریضوں کو کلئیر قرار دے دیا ہے۔ واضح رہے کہ چین کے شہر ووہان سے دنیا کے مختلف ممالک میں پھیلنے والے کورونا وائرس سے اب ایک ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ہزاروں افراد میں اِس وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ کورونا سے امریکا، برطانیہ، جاپان اور تھائی لینڈ سمیت 20 سے زائد ممالک متاثر ہوئے ہیں جب کہ پاکستان میں اب تک کئی مشتبہ مریض سامنے آئے ہیں تاہم اب تک ان میں مہلک وائرس کی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔

( خبر جاری ہے )

اس ضمن میں وفاقی حکومت نے کورونا وائرس سے متعلق نیشنل ایکشن پلان لانچ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس پرصوبوں اور دیگر فریقین سے مشاورت کی جائے گی۔ ذرائع کے مطابق کورونا ایکشن پلان کی تشکیل پر عالمی اداروں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے جنہوں نے ایکشن پلان پر تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ایکشن پلان میں کورونا وائرس سے متعلق حکمت عملی مرتب کی جائے گی۔ پاکستان کے ہوائی اڈوں پر بھی کورونا وائرس کی تشخیص اور روک تھام کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں چین سے آنے والے افراد کی اسکریننگ کی جاتی ہے۔ دوسری جانب کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے وفاقی حکومت نے جانوروں اور پرندوں کی درآمدات پر بھی پابندی عائد کردی ہے۔

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...