‘پاکستان انڈیا کو تباہ نہیں کریگا، انڈیا خود اپنے آپ کو تباہ کرلے گا
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن چاہتا ہے
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھا کہ بھارت میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر بین الاقوامی برادری کے رد عمل کا یہی وقت ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلمان، سکھ اور ہندو کمیونٹی سراپا احتجاج ہے، راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کے نفرت انگیز فلسفے نے گاندھی کو بھی قتل کیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندو اور مسلمان امن پسند ہیں لیکن بھارت میں سیاست دان امن پسند نہیں ہیں، میرے رشتے دار اب بھی بھارت میں ہیں، وہاں کی اندرونی صورتحال پر دکھ ہے۔ مقبوضہ کمشیر کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ کشمیر برصغیر کی تقسیم کا نامکمل ایجنڈا ہے، پاکستان مسئلہ کشمیر پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ صدر پاکستان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا تعلق کشمیریوں سے ہے،کشمیر کی زمین سے نہیں، جو کشمیریوں کی تصاویر منظر عام پر آرہی ہیں، ان تصاویر نے پوری دنیا کو ہلا دیا ہے