سوات کے طلباء کا امتحانات کے خلاف احتجاج، مینگورہ میں ٹریفک جام

احتجاجی مظاہرے کے دوران نعرے لگاتے ہوئے طلباء نے محکمہ تعلیم اور صوبائی حکومت سے امتحانات ری شیڈول کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

سوات (زما سوات ڈاٹ کام ) سوات میں امتحانات کے خلاف سیکڑوں  طلباء سراپا احتجاج بن گئے، مین سیدو شریف روڈ کئی گھنٹوں کے لئے بند کردیا گیا۔

سوات کے مرکزی شہر مینگورہ میں پوسٹ گریجویٹ جہانزیب کالج،ڈگری کالج اور سوات یونیورسٹی  کے سیکڑوں طلباء نے پیر کے روز احتجاجی مظاہرہ کیا، طلباء سیدو شریف سے مینگورہ گراسی گراونڈ تک جلوس کی شکل میں پہنچے جہاں پر مین روڈ کو بلاک کرکے دھرنا دیا گیا۔اس موقع پر طلباء نے محکمہ تعلیم کے خلاف شدید نعرہ بازی بھی کی۔

احتجاجی مظاہرے میں شریک بارہویں جماعت کے طالب علم محمد علی نے ڈیلی ٹائمز کو بتایا کہ کورونا وباء اور لاک ڈاون کے باعث ہمارا پورا سال ضائع ہوگیا ہے، ہمیں مکمل کورس بھی نہیں پڑھایا گیا ایسے میں ہم امتحان کیسے دے سکتے ہیں۔

گیارہویں جماعت کے طالب علم نور حسین کا کہنا تھا کہ ہمارا تعلیمی سال ایسے ہی گزر گیا ہے، کلاسس لی گئی ہے نا ہی ہمیں صحیح طریقے سے پڑھایا گیا ہے ” محکمہ تعلیم کی جانب سے جون اور جولائی میں امتحانات لئے جا رہے ہیں جو ہمیں سراسر نا منظور ہے، ہمیں پڑھائی کے لئے وقت دیا جائے اور ہمیں مکمل کورس پڑھایا جائے ،”

احتجاجی مظاہرے کے دوران نعرے لگاتے ہوئے طلباء نے محکمہ تعلیم اور صوبائی حکومت سے امتحانات ری شیڈول کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔

احتجاجی مظاہرے کے دوران طلباء نے مین سیدو شریف روڈ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کئی گھنٹوں تک بند رکھا جس کے باعث مینگورہ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی جس کے نتیجے میں لوگ شدید مشکلات کا شکار رہے ۔

واضح رہے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے جون اور جولائی کے مہینے میں میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات کا اعلان کیا گیا ہے جس پر طلباء نا خوش اور سراپا احتجاج ہیں۔

( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More