سیٹیز ایمپرومنٹ پروجیکٹ مینگورہ کو جدید خطوط پر استوار کرے گا، فضل حکیم خان

فضل حکیم خان نے کہا کہ بڑی کوششوں کے بعد مینگورہ کے لئے میگا منصوبے متعارف کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں


سوات (زما سوات ڈاٹ کام) ایشئین ڈیولپمنٹ بینک کے زیر اہتمام خیبرپختونخوا سیٹیز ایمپرومنٹ پروجیکٹ(سی ائی پی) کے تحت مینگورہ سٹی کے لئے منظور شدہ منصوبوں کے حوالے سٹیک ہولڈرز مشاورتی اجلاس سیدو شریف میں منعقد ہوا۔ مشاورتی اجلاس کا مقصد مینگورہ سٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مجوزہ اور منظور شدہ منصوبوں پر عوامی نمائندوں، مختلف اداروں اور عوامی سطح پر مشورہ یقینی بناتے ہوئے ترقیاتی کام کا آغاز تھا۔ مشاورتی اجلاس میں ضلعی ترقیاتی مشاورتی کمیٹی سوات کے چیئرمین فضل حکیم خان یوسفزئی، ممبرقومی اسمبلی سلیم الرحمن، سٹی مئیر شاہد خان، سی ای او واٹر اینڈ سینی ٹیشن کمپنی سوات انجنئیر شیدا محمد، اور دیگر حکام کے علاوہ ایشیئن ڈیولپمنٹ بینک کے سینئر پروجیکٹ آفیسر سید عمر علی شاہ اور دیگر آفیشلز اور ماہرین نے شرکت کی۔ مشاورتی اجلاس سے خطاب میں چیئرمین ڈیڈیک سوات فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ بڑی کوششوں کے بعد مینگورہ کے لئے میگا منصوبے متعارف کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ میں اور مینگورہ کے باسی وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کے خصوصی مشکور ہیں کہ شہریوں کی مشکلات کو مدنظر رکھتے ہوئے انہوں نے ایک منفرد اور میگا منصوبہ لے کر آئے۔ فضل حکیم خان یوسفزئی نے امید ظاہر کی کہ سیٹیز ایمپرومنٹ پروجیکٹ مینگورہ میں صاف پانی کی فراہمی، بے ہنگم ٹریفک کو کنٹرول کرنے اور شہر کو آلودگی سے پاک کرنے کے لئے سنگ میل ثابت ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ سی آئی پی منصوبے کی تکمیل سے مینگورہ شہر کا شمار دنیا کے جدید اور پر آسائش شہروں میں ہوگا۔ انہوں نے اس منصوبے کو صوبائی حکومت کے اہم ترین منصوبوں میں سے ایک قرار دیا اور کہنا تھا کہ مشاورتی عمل کی تکمیل کے بعد باقاعدہ کام کا آغاز ہورہا ہے جو کہ مینگورہ کے باسیوں کے لئے ایک نئی نوید ہے۔ مشاورتی اجلاس سے  ایشیئن ڈیولپمنٹ بینک کے سینئر پروجیکٹ آفیسر سید عمر علی شاہ نے بھی خطاب کیا اور منصوبے کے مختلف خدوخال پر روشنی ڈالی۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے مرحلے میں تین بڑے منصوبوں پر کام کا آغاز ہوگا جس میں گریویٹی واٹر سپلائی اسکیم، مینگورہ شہر کے لئے ویسٹ مینجمنٹ اور نیبرہوڈ پارک شامل ہے۔ دوسرے مرحلے میں ٹریفک مینجمنٹ اور سیاحتی منصوبوں پر کام ہوگا جس سے شہر کا نقشہ جدید خطوط پر استوار ہوگا۔ یاد رہے کہ حکومت خیبرپختونخوا ایشئین ڈیولپمنٹ بینک کے  تعاون سے خیبرپختونخوا کے پانچ شہروں کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے سیٹیز ایمپرومنٹ پروجیکٹ پر کام کررہی ہے جس میں مینگورہ شہر بھی شامل ہے۔ مینگورہ شہر کے لئے منصوبے کے تحت واٹر سپلائی، پارک، ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ تعمیر ہوں گے۔ دوسرے مرحلے میں ٹریفک مینجمنٹ کا جدید نظام اور سیاحتی منصوبے شامل ہونگے۔


( خبر جاری ہے )

ملتی جلتی خبریں
Comments
Loading...

This website uses cookies to improve your experience. We'll assume you're ok with this, but you can opt-out if you wish. AcceptRead More